سری نگر/31؍جولائی:
وزارتِ دفاع نے ٹیٹو گراؤنڈ میں واقع 139.04 ایکڑ کی دفاعی اراضی کو وزارتِ داخلہ کو منتقل کرنے کے لئے جموں و کشمیر کی حکومت کے ذریعے وزارتِ داخلہ کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخظ کئے تاکہ خطے میں سیاحت اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ .لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب کی صدارت کی۔
وزارتِ دفاع کی نمائندگی مقامی ملٹری اَتھارٹی آف ٹیٹو گرائونڈ گیر یرسن اور ڈیفنس اسٹیٹ آفیسر کشمیر سرکل سرینگر نے کی ۔ یہ اراضی 120 دِن کے اَندر وزارتِ دفاع حوالے کرے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اِس مفاہمت نامے کو جموںوکشمیر یوٹی میں سیاحت کی ایک بڑی جگہ کو ترقی دینے کا ایک اہم موقعہ قرار دیا۔اُنہوں نے فوج کے تعاون کے لئے اِس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ اور سیکورٹی فورسز لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے وقف ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم مفاہمت نامے کی تمام شرائط کو پورا کرنے اور سیاحت اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کو اس طرح ترقی دینے کے لئے دیانتدارانہ اور وقف کوششیں کریں گے کہ وادی کشمیر کا دورہ کرنے والے سیاحوں کو ٹیٹو گرائونڈ سب سے زیادہ پُر کشش مقامات میں سے ایک کے طو رپر معلوم ہو۔
اُنہوں نے اعلیٰ فوجی اَفسران کے ساتھ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ’’ میر امٹی میرا دیش ‘ مہم او ریوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھی جی او سی 15کور ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ،،اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے بدھوری ، فوج او ریوٹی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران موجو دتھے۔
