سری نگر، 14 اپریل:
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برف بری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ کے بالائی علاقوں، سونہ مرگ، گریز، بانڈی پورہ کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 15.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گند میں اس دوران 15.2 ملی میٹر، پہلگام میں 32.4 ملی میٹر، کپوارہ میں 11.6 ملی میٹر اور گلمرگ میں 8.2 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 14 اور 15 اپریل کو میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 16 اور 17 اپریل کو بھی کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں 18 اور 19 اپریل کو بھی کئی مقامات پر بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 20 سے 24 اپریل تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے 16 اپریل تک اپنے باغوں اور کھیت کھلیانوں میں آپریشنز معطل رکھنے کو کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے پہاڑی علاقوں میں 14 اور 15 کہیں کہیں زمینی ٹرانسپورٹ متاثر رہ سکتا ہے اور اس دوراب بعض مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں کہیں گراوٹ تو کہیں اضافہ درج ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت8.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔