جموں: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے جموں میں سالانہ امرناتھ یاترا میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔ یاترا کو محفوظ، پرامن اور پر اعتماد ماحول میں انجام دینے کے لیے مرکزی سیکورٹی فورسز کی 450 سے 500 اضافی کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ جموں و کشمیر پولیس کے علاوہ مقدس غار اور کچھ دیگر حساس علاقوں میں فوج کو تعینات کیا جائے گا۔
مرکزی سیکورٹی فورسز میں سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی شامل ہوں گے۔ ہر کمپنی میں تقریباً 125 جوان ہیں۔ 29 جون سے شروع ہونے والی یہ یاترا 19 اگست یعنی رکھشا بندھن کے دن اختتام پذیر ہوگی۔ جانکاری کے مطابق سیکورٹی فورسز کی تعیناتی 15 جون کے قریب شروع ہو جائے گی۔
یاترا کی سیکورٹی کا جائزہ لینے سے پہلے مرکزی وزارت داخلہ اور دفاع آنے والے دنوں میں سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیں گے۔ الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر میں پانچ مرحلوں میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے سیکورٹی فورسز کی 600 اضافی کمپنیاں تعینات کی تھیں، جن میں کچھ کمپنیاں پنجاب، دہلی، ہماچل اور ہریانہ میں الیکشن ڈیوٹی کے لیے گئی تھیں۔ کچھ کمپنیوں کو گنتی کے مراکز کے لیے تعیناتی کی ضرورت کے مطابق رکھا گیا ہے۔