بانڈی پورہ: جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں ادرابی نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کا دورہ کرکے علاقے کی معروف زیارتگاہ ’’اہم شریف‘‘ کا دورہ کیا اور سلطان العارفین کی زیارت گاہ پر عقیدت مندوں کے لیے کیے جا رہے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یہاں ایک پروگرام میں شرکت کی اور وقف زیارات، اداروں اور عمارتوں کو اپگریڈ کیے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
درخشاں اندرابی نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وقف کی زیر نگرانی اسکولوں کو اپگریڈ کرنے کے حوالہ سے انہوں نے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے جس کی رو سے وقف اسکولوں میں طلباء کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔ اندرابی نے کہا: ’’وقت بورڈ اسکولوں کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے پر عزم ہے۔‘‘
درخشاں اندرابی نے دعویٰ کیا کہ وقف بورڈ طویل عرصے سے زیر التواء تعمیری کاموں خاص کر اہم شریف کی زیارتگاہ کو اپگریڈ کرنے کے لیے پاس کیے گئے ماڈل پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقف بورڈ کے ما تحت چل رہی زیارت شریف پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے اور اہم شریف درگاہ پر حاضری دینے کے لئے آئی تھی۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ترقیاتی منصوبوں اور وقت پراپرٹی کو اپگریڈ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دریں اثناء، پروگرام میں درجنوں مقامی باشندوں، انتظامیہ اور دیگر محکمہ جات افسران نے بھی شرکت کی۔