سری نگر:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کے روز کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں وکشمیر میں نہ صرف امن و امان قائم ہوا بلکہ نوجوانوں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع فراہم ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہڑتال اور بند کی کالیں اب قصبہ پارینہ بن چکی ہیں۔ان باتوں کا اظہار منوج سنہا نے ’ایس کے آئی سی سی‘ میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے وزیر اعظم مودی کے تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کی سربراہی میں جموں وکشمیر اس وقت ترقی کے نئے منازل طے کررہا ہے۔
منوج سنہا نے کہاکہ آج کا نوجوان پتھراو کے بجائے اپنے مستقبل کی فکر میں لگا ہوا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا :’ میں مودی جی کا دل سے خیر مقدم کرتا ہوں اور انہیں مسلسل تیسری بار ہندوستان کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ نریندر مودی کو جو منڈیٹ ملاوہ منفرد ہے، یہ ساٹھ سال بعد ہوا کہ ہندوستان کے لوگوں نے مسلسل تیسری مرتبہ بی جے پی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی کشمیری نوجوان اب پتھراو کے بجائے اب روشن مستقبل کی تلاش میں جڑ گیا ہے۔
منوج سنہا نے کہا :’کشمیر میں ہڑتال اور پتھراو ماضی کی داستان بن چکے ہیں ، اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سال بھر درس و تدریس کا کام کاج جاری رہتا ہے ۔‘انہوں نے کہاکہ کشمیر کا نوجوان آج کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں اور وہ نئے کشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر رہے ہیں۔