نئی دہلی، 21 جون:
صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے بھارتیہ جنتا پارٹی لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ بھرتری ہری مہتاب کو اٹھارویں لوک سبھا کے اسپیکر کے انتخاب تک اسپیکر کے فرائض انجام دینے کے لیے پروٹیم اسپیکر مقرر کیا ہے۔
اس کے علاوہ صدرجمہوریہ نے نو منتخب لوک سبھا ممبران سریش کوڈی کنل، تھالی کوٹائی راجوتیور بالو، رادھا موہن سنگھ، فگن سنگھ کلستے اور سدیپ بندیوپادھیائے کو حلف دلانے میں پروٹیم اسپیکر کی مدد کرنے کی ذمہ داری دی ہے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے جمعرات کی رات دیر گئے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ’’صدر جمہوریہ نے لوک سبھا کے رکن بھرتوہری مہتاب کو لوک سبھا کے اسپیکر کا انتخاب تک اسپیکر کے فرائض انجام دینے کے لئے آئین کے آرٹیکل 95(1) کے تحت پرو ٹیم اسپیکر مقرر کیا ہے ۔ صدر نے آئین کے آرٹیکل 99 کے تحت مسٹر سریش کوڈی کنل، مسٹر تھلک کوٹائی راجوتیور بالو، مسٹر رادھا موہن سنگھ، مسٹر فگن سنگھ کلستے اور مسٹر سدیپ بندیوپادھیائے کو نو منتخب امیدواروں کو حلف دلانے میں پرو ٹیم اسپیکر کی مدد کرنے کے لیے مقرر کیا ہے۔
واضح ر ہے کہ لوک سبھا کا اجلاس پیر سے شروع ہوگا۔ نومنتخب ارکان پہلے دو روز حلف لیں گے۔ اگلے دن 26 جون کو لوک سبھا کے اسپیکر کا انتخاب ہوگا اور 27 جون کو صدر جمہوریہ کا خطاب ہوگا۔