نئی دہلی: بی جے پی کے سینئر رہنما اور بھارت رتن لال کرشن اڈوانی کو ایک بار پھر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق نائب وزیر اعظم اڈوانی کو بدھ کی رات 9 بجے دہلی کے اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ 96 سالہ سیاستدان ڈاکٹر ونیت سوری کی نگرانی میں زیر علاج ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر اڈوانی کو کچھ دن پہلے ہی دہلی ایمس سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہیں عمر سے متعلق صحت کے مسائل کی وجہ سے ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ اڈوانی کو ایمس کے پرائیویٹ وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق اڈوانی کو عمر سے متعلق صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔ وقتاً فوقتاً گھر پر ان کا چیک اپ ہوتا رہا ہے، لیکن ایک ہفتہ قبل اچانک طبعیت ناساز ہونے کے بعد انہیں دہلی ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔
وہیں گذشتہ روز ان کی طبیعت پھر بگڑ گئی۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے اپولو ہسپتال کے حوالے سے بتایا کہ اڈوانی کی حالت مستحکم ہے اور وہ زیر نگرانی ہیں۔
عمر رسیدہ رہنما لال کرشن اڈوانی کو رواں سال 30 مارچ کو بھارت رتن سے نوازا گیا تھا۔ انہوں نے ملک کا سب سے بڑے شہری اعزاز حاصل کرنے پر صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ ان کے نظریات اور اصولوں کے لیے بھی اعزاز ہے۔ اس سے قبل سال 2015 میں اڈوانی کو ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔