سری نگر/20؍جولائی:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر افسران کے ساتھ ایک اعلی ٰسطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ، ڈی جی پی آر آر سوائن،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنگلات و ماحولیات دھیرج گپتا،،پرنسل سیکرٹری داخلہ محکمہ چندراکر بھارتی،اِنتظامی سیکرٹریوں ،صوبائی کمشنران،ضلع ترقیاتی کمشنروں، ایس ایس پیز،سربراہان اور سیکورٹی فورسز، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر افسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع اِنتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ پورے جموںوکشمیر یوٹی میں یوم آزادی کی تقریبات کے احسن اِنعقاد کے لئے تمام ترانتظامات کو یقینی بنائیں۔
اُنہوں نے تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ لوگوں کی فعال شرکت کو آسان بنایا جاسکے اور مجاہدین آزادی، گمنام ہیروز اور شہدأ کے اعزاز میں سرگرمیوں او رتقریبات کی باریک بینی سے منصوبہ بندی کی جائے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یکم؍ اگست سے 14 ؍اگست 2024 ء تک سوچھتا پکھواڑہ کے اِنعقاد کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دع کہ وہ اہم عوامی مقامات اور یادگاروں پر 15 روزہ مہم’’ ایک پیڑ شہیدوں کے نام’’ شرو ع کریں۔
اُنہوں نے کہا، ’’درخت لگا کر شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی یہ مہم پورے جموںوکشمیر یوٹی میں ایک عوامی تحریک بن جانی چاہیے۔ اِس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہر فرد اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو اِکٹھاہونا چاہئے۔‘‘