نئی دہلی/چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموںوکشمیر یوٹی میں یوم آزادی کے موقعہ پر 15دِن طویل ’’ سوچھتا پکھواڑہ ‘‘ منانے کے لئے ایک وسیع پروگرام تیار کرنے کے لئے ایک میٹنگ منعقد کی۔
میٹنگ میں اِنتظامی سیکرٹریز، صوبائی کمشنر کشمیر ، صوبائی کمشنر جموں ، ضلع ترقیاتی کمشنروں ، متعلقہ محکموں کے سربراہان ، میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں کے علاوہ دوسرے محکمہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی جبکہ آئوٹ سٹیشن اَفسروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔
اِس میٹنگ میں چیف سیکرٹری نے صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ دو ہفتوں کے اِس عوام پر مبنی پروگرام میں سب کی شرکت کی حوصلہ افزائی کریں۔
اُنہوں نے مختلف سرگرمیوں کے اِنعقاد میں مثالی ہم آہنگی دکھانے پر زور دیا جو ’’سوچھتا پکھواڑہ‘‘ کا حصہ ہیں۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ متعلقہ محکموں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کی جانب سے ان تمام سرگرمیوں کو اَپ لوڈ کرنے کے لئے خصوصی پورٹل قائم کیا جائے ۔
اُنہوں نے متعلقہ صوبائی اِنتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ اَپنے اضلاع کے ایکشن پلان کا جائزہ لیں اور اُنہیں بہتر بنانے یا ان منصوبوں کو زیادہ مناسب انداز میں ترتیب دینے کے لئے تجاویزاور مدد فراہم کریں۔
اَتل ڈولو نے اِس موقعہ پر متعلقہ اِنتظامی سیکرٹریوں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے ان سرگرمیوں کے کیلنڈر کے بارے میں سنا جو اُنہوں نے یکم؍ اگست سے ان 15 دنوں کے لئے طے کئے ہیں۔ اُنہوں نے ان میں سے ہر ایک سے کہا کہ وہ منصوبہ بندی کی گئی ہر سرگرمی کے لئے ایک وقف نوڈل آفیسربنائیں اور زمینی سطح پر آسانی سے عملانے کے لئے مخصوص حکمت عملی وضع کریں۔
اُنہوں نے ان سوچھتا اور شجرکاری مہموں کو جموں و کشمیر کے کونے کونے تک لے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے ’’ایک پیڑ شہیدوں کے نام‘‘ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے محکمہ جنگلات پر زور دیا کہ وہ ہر ضلع میں شجرکاری کے سامان کی دستیابی کو یقینی بنائے تاکہ ان سرگرمیوں کو آسانی سے منعقد کیا جاسکے۔
شہری اور دیہی علاقوں میں کی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں متعلقہ افسران کی جانب سے بتایا گیا کہ مختلف محکموں اور ہر ضلع میں بڑے پیمانے پر شجرکاری اور صفائی مہم چلائی جائے گی۔
محکمہ مکانات و شہری ترقی اور رورل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ بالترتیب شہری اور دیہی علاقوں میں پروگراموں کو عملانے کے لئے نوڈل محکمہ بننے جا رہے ہیں۔ اِس کے علاوہ محکمہ جنگلات اَپنی نرسریوں سے پودے لگانے کا سامان فراہم کرے گا۔
جیساکہ میٹنگ میں انکشاف ہوا ہے کہ محکمہ جنگلات یہاں کے اضلاع میں ’’ایک پیڑ شہیدوں کے نام‘‘کے حصے کے طور پر 600 سے زیادہ تقریبات منعقد کرے گا۔ یہ جنگلات ، وائلڈ لائف کے علاقوں اور ان کے زیر قبضہ عوامی مقامات کی صفائی بھی کرے گا۔
ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ان تمام 15 دنوں کے لئے اَپنے اضلاع میں منعقد ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکموں کے اِشتراک سے وہ اپنے اضلاع میں شجرکاری مہم کا اِنعقاد کرنے جا رہے ہیں جس میں’’ایک پیڑ شہیدوںکے نام‘‘ اور ’’ ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ مہم پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
انہوں نے میٹنگ کو ذاتی یا اِجتماعی حفظان صحت کے فوائد کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لئے آئی اِی سی کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ مزید انکشاف کیا گیا کہ ویسٹ ہاٹ شاٹس جیسے بس سٹینڈز، کھیلوں کے میدانوں، بازاروں وغیرہ پر صفائی مہم چلائی جائے گی۔
میٹنگ میں مزید کہا گیا کہ این جی اوز اور سول سوسائٹی ممبران کی مشاورت سے تعلیمی اِداروں، سرکاری دفاتر کے کیمپس، مذہبی مقامات، سیاحتی مقامات، آبی ذخائر یا دیگر عوامی املاک کی صفائی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔
اس کے علاوہ میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ آئی اِی سی کی مستقل سرگرمیوں کے علاوہ شرکأ کی جانب سے تقریب کے ہر مقام پر سوچھتا کے وعدے بھی کئے جائیں گے۔ اِس ہفتے کی مناسبت سے ہمارے تعلیمی اداروں میں مباحثے، کوئز، مصوری مقابلے اور طلباء کی کھیل سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
دورانِ میٹنگ بتایا گیا کہ آر ڈی ڈی مختلف اَضلاع میں’’سنگل یوز پلاسٹک‘‘ کے خطرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے ایک حصے کے طور پر’’ پلاسٹک لائو تھیلا لے جائو‘‘ مہم چلا رہا ہے جہاں لوگ اپنے پلاسٹک ویسٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے جمع کرسکتے ہیں اور گھر پر اِستعمال کے لئے بائیوڈی گریڈایبل بیگ واپس لے سکتے ہیں، جیسا کہ اس اجلاس کے دوران بتایا گیا۔