کچھ سیکٹر (گجرات)، (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے قوم کی سلامتی سب سے اہم ہے اور اس میں ہندوستانی فوج کا کردار اہم ہے۔
قوم کی سلامتی میں فوج کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا ملک اور اس کے عوام صرف فوج کے جوانوں کی مستعدی کی وجہ سے محفوظ ہیں۔
مسٹر مودی دیوالی کے موقع پر گجرات کے کچھ علاقے میں تعینات فوجی جوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔ ان میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوان بھی موجود تھے۔
مسٹر مودی نے وزیر اعظم کے طور پر اس بار بھی کسی نہ کسی سرحدی علاقے میں تعینات فوجیوں کے درمیان ہر دیوالی منانے کے رجحان کو جاری رکھا۔ انہوں نے کچھ کے علاقے میں فوجیوں کے ساتھ دیوالی منائی اور انہیں مٹھائی کھلائی۔
اس موقع پر ان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جب میں آپ کے ساتھ دیوالی مناتا ہوں تو میری دیوالی کی مٹھاس کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
قومی سلامتی میں سرحدوں کی حفاظت کرنے والے فوجیوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ ’’آپ کی وجہ سے ہی ہمارا ملک اور اس کے لوگ محفوظ ہیں۔ قومی ترقی کے لیے سلامتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’صرف محفوظ قوم ہی ترقی کر سکتی ہے۔‘‘
سرحدی علاقوں کی ترقی اور احیاء کے لیے اپنی حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ جب سرحدی علاقے ترقی یافتہ ہوں گے تو ہمارے فوجیوں کا جوش اور بھی بڑھ جائے گا۔