سرینگر: جموں و کشمیر میں حالیہ اسمبلی انتخابات کے بعد نو تشکیل شدہ حکومت کا اسمبلی اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق اسمبلی سیشن کی شروعات میں سب سے پہلے اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ اس دوران عبد الرحیم راتھر کو اسمبلی کا اسپیکر منتخب کیا گیا۔
اس سے قبل حکومت میں شامل نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے متفقہ طور پر بطور اسمبلی اسپیکر عبدالرحیم راتھر کے نام پر مہر لگائی تھی۔
راتھر این سی کے سب سے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ چرار شریف اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے جموں و کشمیر اسمبلی کے لیے مسلسل ساتویں بار جیت درج کی ہے۔ راتھر نیشنل کانفرنس کے ٹکٹ پر 1977 سے 2014 تک بڈگام کی چار شریف سیٹ سے الیکشن میں جیتتے رہے ہیں۔ حالانکہ 2014 میں وہ پی ڈی پی امیدوار غلام نبی لون سے ہار گئے تھے مگر 2024 کے انتخابات میں انہوں نے لون کو شکست دے کر ایک بار پھر کامیابی کا جھنڈا لہرایا۔
راتھر کی عمر 80 سال ہے اور وہ اپنے طویل سیاسی سفر میں جموں و کشمیر کے وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔ گذشتہ روز این سی اور کانگریس کی ایک مشترکہ میٹنگ میں بطور اسپیکر ان کے نام پر مہر لگائی گئی اور آج ایوان کی کارروائی میں اسمبلی اسپیکر کے طور پر ان کا باضاطہ انتخاب عمل میں آیا۔