سری نگر،22 مارچ :
سری نگر کے برزلہ میں واقع وادی کشمیر کے ہڈیوں اور جوڑوں کے واحد ہسپتال میں قریب تین ہفتوں کے بعد منگل کے روز آپریشن تھیٹر کو بحال کر دیا گیا۔
بتادیں کہ ڈھائی سو بستروں پر مشتمل مذکورہ ہستال میں چار مارچ کی شام بالائی منزل میں واقع ایمرجنسی آپریشن تھیٹر سے آگ نمودار ہوئی تھی جس کے شعلوں نے عمارت کو خاکستر کر دیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کو منگل کے روز بحال کر دیا گیا۔
دریں اثنا سینئر آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر میاں سہیل سلطان نے یو این آئی کو بتایا کہ آپریشن تھیٹر کو ریکارڈ وقت میں بحال کر دیا گیا اور آج یعنی منگل کو اس تھیٹر میں کام حسب معمول شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن تھیٹر کو آگ لگنے کے بعد صرف پندرہ دنوں میں ہی بحال کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا ہسپتال کے مین آپریشن تھیٹر میں ہی ان دنوں کے دوران ایمر جنسی جراحیاں کی جا ری تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ ہسپتال میں آگ کی واردات کے تین روز بعد ہی آؤٹ پیشنٹ خدمات بحال کر دی گئی تھیں۔آگ کی اس واردات کے پیش نظرحکام نے لوگوں کی سہولیت کے لئے وادی کے مختلف علاقوں میں قائم ہسپتالوں میں ایمرجنسی آرتھوپیڈیک کلنک چالو کئے تھے۔بشمولات یو این آئی