نئی دہلی، 22 مارچ:
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ڈالر کے مقابلے روپے پر دباؤ کی وجہ سے ملک میں تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے آج 137 دنوں کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ دارالحکومت دہلی میں دونوں ایندھن کی قیمتوں میں 80-80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد دارالحکومت میں پٹرول 80 پیسے بڑھ کر 96.21 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 80 پیسے اضافے کے ساتھ 87.47 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے۔ ممبئی میں پٹرول 84 پیسے بڑھ کر 110.82 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 82 پیسے بڑھ کر 95 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ چنئی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 76 پیسے بڑھ کر بالترتیب 102.16 روپے اور 92.19 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہیں۔ اسی طرح کولکاتہ میں پٹرول 84 پیسے بڑھ کر 105.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 83 پیسے بڑھ کر 90.62 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔
مرکزی حکومت کے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 روپے اور 10 روپے کی کمی کا اعلان کرنے کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں 04 نومبر 2021 کو تیزی سے کمی آئی تھی۔ اس کے بعد ریاستی حکومت کے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (ویٹ ) کو کم کرنے کے فیصلے کے بعد دارالحکومت دہلی میں بھی ویٹ کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے بعد دارالحکومت میں 02 دسمبر 2021 کو پٹرول تقریباً آٹھ روپے سستا ہوا تھا۔بشمولات یو این آئی