سرینگر29مارچ:
نیشنل کانفرنس روز اول سے ہی ریاست کی وحدت، شناخت، انفرادیت، صدیوں کے بھائی چارے کی ترجمان جماعت رہی ہے اور ہمیشہ ان اصولوں پر چٹان کی طرح قائم و دائم ہے۔ ریاست کے تینوں خطوں کی مجموعی تعمیر و ترقی، لوگوں کی خوشحالی خصوصاً جمہوریت کی فتح بھی اس صورت میں قائم و دائم رہ سکتی ہے جب تینوں خطوں کی وحدت اور مذہبی ہم آہنگی کی ریت برقرار رہے گی۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر نے آج حلقہ انتخاب خانیار کے ڈیلی گیٹوں اور سینئر عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ساگر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے وطن کے صدیوں کے بھائی چارے ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی عظیم ریت کو پارہ پارہ کرنے اور اس بھائی چارہ کے شیرازہ کو بکھیرنے کیلئے مذموم کوششیں کی جارہی ہیں اور بدقسمتی سے حکمران جماعت زہرافشائی کو ہوا دینے کی مرتکب ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حربوں سے خرمن امن کو آگ لگنے کا اندیشہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے باشعور اور انسان دوست عوام نے ہمیشہ آپسی بھائی اور مذہبی ہم آہنگی کی ریت کو برقرار رکھنے رکھا اور اس کیلئے مالی اور جانی قربانیاں دیں ہیں۔ کشمیریوں نے وقت وقت پر ایسے عناصر کی سازشوں کو کامیاب ہونے نہیں دیا جو عظیم بھائی چارے کی مشعل کو گُل کرنے کی تاک میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر فائلز کے نام سے بنائی گئی فلم سے کشمیری مسلمانوں کیخلاف نفرت پیدا کرنے کی مکروہ کوششیں کی جارہی ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی قیادت میں کشمیر کی80فیصد اکثریتی آبادی نے کس طرح اقلیتوںکو ایسے ادوار میں تحفظ فراہم کیا جب پورے ملک میں فرقہ وارانہ فساد اور قتل و غارت کا سماں ہوا کرتا تھا۔
لوگوں کے مصائب اور مشکلات میں بے پناہ اضافے پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علی محمد ساگر نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے تمام ریکارڈ مات ہوگئے۔ ماضی میں کبھی ایسی مہنگائی تھی اور نہ ہی اتنی تعداد میں لوگ بے روزگار تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو راحت پہنچانے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔اس موقعے پر صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر، نائب صدر صوبہ ایڈوکیٹ سید توقیر احمد، جوائنٹ سکریٹری غلام نبی بٹ، بلاک صدر حاجی بشیر احمد وانی اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔