سری نگر، 31 مارچ:
نوجوانوں کو ترقی اور امن کے لیے اہم ایجنٹ قرار دیتے ہوئے، سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ نوجوانوں کو حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد میں سب سے آگے رہنا چاہیے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار آج کوگام میں جے کے ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن کی ضلعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے فوراً بعد مسلسل لاک ڈاؤن اور شٹ ڈاؤن کی وجہ سے، خطے کی معیشت گہرے بحران میں پڑ گئی ہے۔ کاروبار، سیاحت، دستکاری، زراعت، باغبانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ بلند بانگ دعوؤں کے باوجود متاثرین کو کوئی خاطر خواہ ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔ ترقی کے حوالے سے دعوے انتظامیہ کے بار بار اعلانات تک ہی محدود ہیں۔ ہر سطح پر کرپشن عروج پر ہے۔
خطے میں بے روزگاری کا گراف کافی بلند ہوا ہے۔ وزارت شماریات اور پروگرام نے اپنی حالیہ رپورٹ میں جموں و کشمیر میں بے روزگاری کی شرح 43.3 فیصد بتائی ہے، جو ملک میں دوسرے درجے پر ہے۔ تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوان کو نوکریوں کے انتظار میں پریشان ہیں۔ دوسری طرف، من مانی انداز میں سرکاری ملازمین کی برطرفی اس انتظامیہ کے آمرانہ رجحانات کی عکاسی کرتی ہے۔
آج نہ صرف نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے بلکہ خطے کا مستقبل بھی داؤ پر لگا ہوا ہے۔ وہ نوجوان جن کی خواہشات اور خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو پا رہے ہیں وہ تیزی سے مایوسی کا شکار ہو رہے ہیں اور اگر ان کی ناراضگی کی طرف توجہ نہ دیا گیا تو یہ خطے کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گا۔
یو اے پی اے، پی ایس اے وغیرہ جیسے سخت قوانین کے تحت من مانی گرفتاریاں جاری ہیں اور گرفتار افراد کو وادی سے باہر نظر بند کیا جا رہا ہے۔ نوجوان خاص طور پر ہراساں محسوس کر رہے ہیں۔ مختلف بہانوں سے پرامن سیاسی اور ٹریڈ یونین سرگرمیوں پر پابندیاں جاری ہیں۔
ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسی پالیسیاں بنائیں جو نوجوانوں کی زندگیوں کو بہتر بنائے اور انہیں پالیسی سازی کے پورے عمل میں فعال طور پر شامل کریں، انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بے روزگاری اورنوجوانوں کو درپیش دیگر سنگین مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک جامع پالیسی وضع کرے۔
اس موقع پر محمد افضل پرے، ریاستی کمیٹی سی پی آئی ایم کے رکن اور ڈی ڈی سی چیئرپرسن کولگام، محمد عباس راتھر ضلع سکریٹری سی پی آئی (ایم) کولگام اور ممبر ڈی ڈی سی، عرفان گل کنوینر جے کے ڈی وائی ایف، جاوید اقبال اور عاشق حسین نوجوان رہنما شامل تھے۔