سری نگر یکم اپریل:
سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے اور آئی جی کشمیر وجے کمار کی سربراہی میں کشمیر کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال اور سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں حفاظتی انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا گیا۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جمعے کے روز اونتی پورہ میں جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں آئی جی کشمیر وجے کمار کے علاوہ شمالی، جنوبی اور سینٹرل کشمیر کے ڈی آئی جی ایز و سبھی اضلاع کے ایس ایس پیز اور ایس پیز نے شرکت کی۔جی او سی نے اس موقع پر آفیسران پر زور دیا کہ وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران مستعد رہے اور دوسری سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران حالیہ شہری ہلاکتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ملوثین کو کیفرکردار تک پہنچانے کا بھی تہیہ کیا گیا۔میٹنگ کے دوران اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ چھوٹی عمر کے بچوں کو منشیات اور جھوٹے بیانات کے ذریعے گمراہ کیا جارہا ہے۔اْن کے مطابق میٹنگ میں بتایا گیا کہ جنگجووں کی جانب سے تخریبی سرگرمیاں انجام دینے سے پہلے یا اْس کے بعد مساجد اور مدرسوں کو بطور پناہ گاہ استعمال کیا جارہا ہے تاکہ مذہبی جذبات کو بھڑکایا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران وادی میں منشیات کے منفی اثرات کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔جی او سی اور آئی جی کشمیر نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی حرکات و سکنات پر نظر گزر رکھیں تاکہ اْنہیں ان بْرائیوں سے پرے رکھا جاسکے۔علاوہ ازیں اس میٹنگ کے دوران سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کے حوالے سے بھی غور وغوض ہوا۔
میٹنگ کے دوران کہا گیا کہ چونکہ پچھلے دو برسوں کے دوران کووڈ کے باعث امر ناتھ جی یاترا نہ ہو سکی لہذا رواں سال ریکارڈ توڑ یاتری کی آمد متوقع ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سیکورٹی کے اقدامات بھی مزید سخت کرنے ہونگے۔ ترجمان نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران آئی جی کشمیر اورجی او سی نے تفصیل کے ساتھ امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں اٹھائے جا رہے اقدامات کا بھر پور جائزہ لیا۔
انہوں نے پولیس ، سیکورٹی فورسز اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یاترا کے دوران باہمی تال میل کو بنائے رکھیں۔ سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی بھی تلقین کی گئی۔انہوں نے متعلقہ افسران سے تاکید کہ وہ یاترا کے دوران قریبی تعلقات برقرار رکھیں تاکہ پر امن یاترا کو مکمل طورپر یقینی بنایا جا سکے۔ آ
ئی جی کشمیر نے افسران کو بتایا کہ یاترا کے دوران لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔میٹنگ کے دوران آئی جی کشمیر اور جی او سی نے مختلف اداروں کی جانب سے یاتریوں کی سہولیات کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ چنانچہ ایس ایس پی اننت ناگ نے میٹنگ میں موجود اعلیٰ افسران کو پر امن یاترا کے حوالے سے کئے جار ہے حفاظتی انتظامات اور ٹریفک کے حوالے سے مکمل جانکاری فراہم کی۔یو این آئی