سری نگر،23اپریل :
وادی کے اطرا ف و اکناف میں حضرت علی ؓ کے یوم شہادت پر روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا ۔ درگاہوں، امام بارگاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر شب خوانی کی گئی ۔
درگاہ حضرت بل میں نماز پنجگانہ کے بعد زائرین موئے مقدس ﷺ کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں ہفتے کے روز حضرت علی ؓ کا یوم شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور اس حوالے سے درگاہوں ، امام بارگاہوں اور خانقاہوں میں روح پرور مجالس کا اہتمام ہوا۔
جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف حضرت بل میں نماز ظہر پر لوگوں کی بھاری تعداد نے باجماعت نماز کی ادائیگی کے بعد موئے مقدس ﷺکے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔
دریں اثنا حضرت علی ؓ کے یوم شہادت کی مناسبت سے شیعہ آبادی والے علاقوں میں بھی رات بھر شب خوانی کا اہتمام ہوا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر، بارہ مولہ ، بانڈی پورہ اور بڈگام سمیت تمام اضلاع میں چھوٹی بڑی مجالسوں اور جلوسوں کا انعقاد ہوا جہاں قرآن خوانی ، نوحہ خوانی اور مرثیہ خوانی کے علاوہ شبیہ تابوت کے جلوس برآمد ہوئے۔
سری نگر کے مضافاتی علاقے گنڈ حسی بٹ میں عزاداری کی ایک عظیم الشان مجلس منعقد ہوئی جس میں عزاداروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر علماء نے حضرت علی ؓ کے فضائل، اوصاف اور کمالات اور دین کے تئیں اُن کی خدمات کو اُجاگر کیا۔(یو این آئی)