سری نگر،26 اپریل :
محکمہ موسمیات کی طرف سے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران خشک موسم کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 28 اپریل کو موسم خراب ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
دریں اثنا وادی میں بارشوں اور ژالہ باری کے بعد شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران1.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، میں کم سے کم درجہ حرارت9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔(یو این آئی)