سری نگر،7 مئی:
جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کا کہنا ہے کہ بورڈ نے عطیات کے لئے آن لائن سسٹم متعارف کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ جموں وکشمیر میں عنقریب ایک کینسر ہسپتال تعمیر کرے گا۔
موصوف چیئر پرسن نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’جس طرح ہم بجلی فیس بینک میں جاکر آن لائن جمع کرتے ہیں اسی طرح نذر نیاز کے لئے بھی آئن لائن سسٹم متعارف کیا جائے گا‘۔ان کا کہنا تھا: ’تمام زیارت گاہوں میں ویب سائٹس لانچ کی جائیں گی اس سلسلے میں جموں وکشمیر بینک کے ساتھ بات چل رہی ہے‘۔
اندرابی نے کہا کہ عطیات بیت المال کا حصہ ہوتی ہیں اور یہ ہمارے پاس ایک امانت ہوتی ہیں جن کے ساتھ کسی کو بھی خیانت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گا‘۔انہوں نے کہا کہ جب عطیات کے لئے آن لائن نظام متعارف ہوگا تو اس سے شفافیت آئے گی اور ہم جوابدہ بن جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگوں کا حق ہے اور اس کو لوگوں کی خدمت پر ہی صرف کیا جائے گا۔
موصوفہ نے کہا کہ بورڈ جموں و کشمیر میں بہت جلد ایک کینسر ہسپتال تعمیر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کی تعمیر کے لئے وقف کے اثاثوں سے ہی آمدنی پیدا کی جائے گی۔