سری نگر،7 مئی:
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے نسبل علاقے میں ہفتے کی صبح اس وقت ہر سو سراسیمگی پھیل گئی جب علاقے میں ایک خونخوار تیندوے نے ایک شخص پر حملہ کرکے اس کو زخمی کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے نسبل علاقے میں ہفتے کی صبح مشتاق احمد بٹ ولد محمد رمضان بٹ نامی ایک شخص پر تیندوے نے اس وقت حملہ کر دیا جب وہ کسی کام سے اپنے میوہ باغ کی طرف جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص کسی طرح اپنے آپ کو جانور سے نجات پانے میں کامیاب ہوگیا۔
مشتاق احمد کو فوری طور پر علاج معلاجے کے لئے سی ایچ سی سنبل منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
دریں اثنا تیندوے کے نمودار ہونے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ تیندوے کو پکڑنے کے لئے فوری طور کارروائیاں عمل میں لائیں تاکہ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ (یو این آئی)