سری نگر، 21 مئی:
جموں وکشمیر کے گرمائی دار لخلافہ سری نگر کے جھیل ڈل کے اندرونی علاقے رونی محلہ میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات کے دوران تین رہائشی مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے ہیں۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ ہفتے کی سہ پہر کو سری نگر کے رونی محلہ علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو کو لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران تین مکان خاکستر ہوئے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ رہائشی مکان کی چھت سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے تین مکان اس کی لپیٹ میں آئے۔
انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کی اس واردات کے دوران تین مکان خاکستر ہوئے اور اُن میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاءبھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ رونی محلہ سری نگر میں دو مکان آگ کی واردات کے دوران خاکستر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سری نگر میں آئے روز آگ کی وارداتیں رونما ہونے سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔(یو این آئی)