بانڈی پورہ /ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج ہفتہ وار بلاک دیوس پروگرام کے ایک حصے کے طور پر شادی پورہ کے ہائیر سکینڈری سکول میں شکایتی ازالہ کیمپ کا اِنعقاد کیا۔
پروگرام میں مقامی لوگوں اور پی آر آئیز نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور اَپنی ترقیاتی اُمنگوں کو پیش کیا۔ پروگرام میں سڑکوں ، پانی کی فراہمی اور آبپاشی ، سکولوں میں اَساتذہ کی دستیابی ، راشن اور دیگر سماجی تحفظی سکیموں کی عمل آوری کے حوالے سے مسائل اُٹھائے گئے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے مقامی لوگوں اور پی آر آئی کی شکایات اور تجاویز کوبغور سنا اور مختلف مسائل کے اَزالے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔
ڈاکٹر اویس احمد نے عوام پر زور دیا کہ وہ اَپنے بچوں پر نظر رکھیں تاکہ وہ نشے میں پھنسنے سے بچ سکیں۔اُنہوں نے پرنسپل ہائیر سیکنڈری شادی پورہ کو ہدایت دی کہ وہ منشیات سے نجات کے پروگرام منعقد کریں اور سکول اِنتظامی کو ہدایت دی کہ وہ وقفے وقفے سے والدین اور اَساتذہ کی میٹنگیں منعقد کریں تاکہ والدین گھر پر اَپنے بچوں کی نگرانی کرسکیں۔
اِس موقعہ پر مقامی لوگوں نے منشیات کی بدعت سے نمٹنے میں پولیس اور اِنتظامیہ کو سراہا او رعوام کی جانب سے اِس سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔
بعد میں ڈاکٹر اویس احمد نے محکمہ باغبانی کی جانب سے فراہم کردہ ہائی ڈینسٹی ایپل آرچرڈ شلواتھ کا بھی معائینہ کیا۔اُنہوں نے کسانوں سے تفصیلی گفتگو کی اور ان پر زور دیا کہ وہ اِ س سکیموں کا فائدہ اُٹھائیں جن کا مقصد ان کی آمدنی کو دوگنا کرنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی سماجی و اِقتصادی حالت کو بہتر بنانے کی بھی خواہشمند ہے اور اِس سلسلے میں آبپاشی سہولیات ، بہتر کھادوں ، ہائی ڈینسٹی پلانٹوں او ربیجوں کو بہتر بنا کر کسانوں کی پیداوار اور اس کے نتیجے میں ہونے والی آمدنی کو بہتر بنانے کے لئے فصل اِنشورنس کے علاوہ متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں ۔