بارہمولہ /ضلع بارہمولہ میں 85 برس سے زائد عمر کے رائے دہندگان (اے وِی ایس سی) اور معذور اَفراد (اے وِی پی ڈی) کے لئے’’ ووٹ فار ہوم‘‘ کی سہولیت 14 ؍مئی بروزِ منگل سے شروع ہوئی جس میں ضلع کے 449 رجسٹرڈ بزرگ شہریوںاور معذور رائے دہندگان نے اِپنے گھروں کی حدود میں رہتے ہوئے اَپنے حق رائے دہی کا اِستعمال کیا۔
ضلع کے تمام سات اسمبلی حلقوں سے 85 برس سے زیادہ عمر کے کل 155 بزرگ رہائشیوں اور 40 فیصد سے زیادہ معذور پی ڈبلیو ڈی ووٹروں نے گھر بیٹھے پوسٹل بیلٹ کی سہولیت کا اِنتخاب کیا ہے۔ ہوم ووٹنگ کے عمل کے دوران جو 16 ؍مئی تک جاری رہے گا، اِنتخابی جماعتوں کو ووٹنگ کی سہولیات کے ساتھ اہل رائے دہندگان کو ان کے پہلے سے بھرے ہوئے 12ڈی فارموں پر درج پتوں پر ان کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے ان کے گھر بھیجا رہا ہے ۔
ضلع میں کل 39 مخصوص ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے ہر ٹیم دو پولنگ افسران ، مائیکرو اوبزرور ، ویڈیو گرافر اور سیکورٹی اہلکاروں پر مشتمل ہے جو الیکشن کمیشن کے مقررہ رہنما خطوط کے تحت اہل رائے دہندگان کے ووٹ جمع کرے گی۔ اِس کے علاوہ سیاسی جماعتوں اور اُمیدواروں کو بھی مطلع کیا گیا ہے کہ وہ اس عمل کو دیکھنے کے لئے اپنَے نمائندے مقرر کریں۔
یہ ٹیمیں 9۔اوڑی اسمبلی حلقہ کے سرحدی دیہاتوں یعنی دودرن، چوٹالی، گیگر ہل، میدانان، داراکنجن اور رفیع آباداسمبلی حلقوں کی بالائی پٹی کے سخت علاقوں کا بھی دورہ کر رہی ہیں تاکہ ایسے تمام اے وِی پی ڈی اور اے وی ایس سی ووٹروں کو اَپنے حق رائے دہی کا اِستعمال کرنے میں سہولیت فراہم کی جا سکے۔
ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر بارہمولہ منگا شیرپا نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے پوسٹل بیلٹ سہولیت کے ذریعے اہل رائے دہندگان کو اَپنا جمہوری حق استعمال کرنے کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے سخت اِنتظامات کئے گئے ہیں۔