نئی دہلی، 31 مارچ :
ایوان بالا راجیہ سبھا کی مدت پوری کرنے والے 72 ارکان کو آج الوداع کیا گیا اور ان کے روشن مستقبل کے ساتھ عوامی زندگی میں سرگرم رہنے کیلئے دعا کی گئی بھارتیہ جنتا پارٹی کی سینئر لیڈر اور وزیر خزانہ نرملا سیتارامن، قائد ایوان پیوش گوئل اور اقلیتی بہبود کے وزیر مختار عباس نقوی، کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، اے کے انٹونی، پی چدمبرم، امبیکا سونی، جنتا دل (یو) کے رہنما اور اسٹیل کے وزیررام چندر پرساد سنگھ اور بین الاقوامی کھلاڑی اور نامزد رکن میری کوم نمایاں ہیں۔
ارکان کو الوداع کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس ایوان کی مدت پوری کرنے والے بہت سے ارکان بہت تجربہ کار رہے ہیں اور بعض اوقات تجربہ علم سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے۔ تجربے سے مسائل آسان طریقے سے حل ہوتے ہیں اور غلطیاں بہت کم ہوتی ہیں۔ ان ارکان کے ایوان سے جانے کے بعد تجربے کی بہت بڑی کمی محسوس کی جائے گی، جسے پُر کرنا نئے آنے والوں کی ذمہ داری ہوگی۔ انہیں پوری ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔(یو این آئی)