سری نگر یکم اپریل:
وسطی ضلع بڈگام کے زگی پورہ چرار شریف علاقے میں جمعے کے روز تہری کھانے کے بعد 39 افراد اچانک بیمار پڑ گئے اور اْنہیں سب ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے 18افراد کو سری نگر ریفر کیا گیا۔نیوز ایجنسی یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ زگی پورہ چرار شریف میں اْس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب تہری کھانے کے بعد 39 افراد بیمار پڑ گئے اور اْنہیں فوری طورپر سب ضلع ہسپتال چرار شریف منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی علاج ومعالجہ کے بعد 15بچوں سمیت 18کو سری نگر ریفر کیا گیا۔
سب ضلع ہسپتال چرار شریف میں تعینات ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ زگی پورہ چرار شریف سے قریباً 39افراد اچانک بیمار پڑ گئے۔انہوں نے بتایا کہ تہری کھانے کے بعد اچانک 39افراد دست، قے اور بخار میں مبتلا ہو ئے اور اْن پر گشی طاری ہوئی۔اْن کے مطابق 18افراد کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر سری نگر منتقل کیا گیا جن میں سے 15بچوں کو سونہ وار اور 3 کو صدر ہسپتال سری نگر پہنچایا گیا ہے۔
بلاک میڈیکل آفیسر چرار شریف ڈاکٹر تصور نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ زگی پورہ چرار شریف سے 39 افراد کو ہسپتال لایا گیا۔انہوں نے کہاکہ 15بچوں کو سری نگر کے بچہ ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 3صدر ہسپتال میں بھرتی کئے گئے۔
دریں اثنا زگی پورہ چرار شریف میں تہری کھانے کے بعد 39افراد کوہسپتال منتقل کرنے کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ اپنے بچوں کی خیر و عافیت دریافت کرنے کی خاطر ہسپتال پہنچے۔یو این آئی