نئی دہلی، 18 اپریل :
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے آج ہم وطنوں کے نام ایک کھلا خط لکھ کر مودی حکومت کی آٹھ سال کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور اپوزیشن پارٹیوں پر ووٹ بینک اور خوشامد کی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔
مسٹر نڈا نے انگریزی زبان میں لکھے گئے تین صفحات کے اس خط میں لکھا ہے کہ ہندوستان کی ترقی کا سفر اس وقت ایک اہم مرحلے پر ہے۔ ہم سب آزادی کے 75 ویں سال پر آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں۔ یہ وہ وقت ہے جب ہم سب کو سوچنا چاہیے کہ ہم 2047 میں آزادی کا صد سالہ تہوار کیسے منائیں گے اور اس وقت ہمارا ملک کیسا ہونا چاہیے۔ اس وقت پوری دنیا کی نظریں ہندوستان پر لگی ہوئی ہیں۔ 135 کروڑ آبادی کا ملک، جس کے کووڈ میں برباد ہونے کا اندیشہ تھا، اس ملک کو دنیا کی فارمیسی کے طور پر عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں میں ملک کی سیاست بدل گئی ہے۔ تفرقہ بازی، ووٹ بینک اور مخصوص لوگوں پر مرکوز سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پرایاس کے منتر پر مساوی مواقع پر مبنی حکومت نے ہر شہری کو بااختیار بنایا ہے۔
خط میں انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں کے مشترکہ اپیل خط کو لے کر کانگریس، بائیں بازو کی پارٹیوں اور ترنمول کانگریس وغیرہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں سماج کے تمام طبقات ایک مشترکہ پالیسی کے تحت ترقی کر رہے ہیں، لیکن اپوزیشن پارٹیاں ایک بار پھر آپس میں اتحاد کر کے ملک کو تقسیم کرنے کی سیاست میں شامل ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیوں کے خط سے واضح ہو گیا ہے کہ وہ ملک کے تشخص اور محنتی ہم وطنوں کی توہین کر رہے ہیں۔(یو این آئی)