نئی دہلی، 18 اپریل؛
وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو گجرات کے جام نگر میں ماریشس کے وزیر اعظم پرویندر جگناتھ اور عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس گھبریئسس کی موجودگی میں دنیا کے پہلے ڈبلیو ایچ او گلوبل سنٹر فار ٹریڈیشنل میڈیسن کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر تینوں رہنما مرکز کی عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔آیوش کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے کہا ہے کہ گلوبل سنٹر فار ٹریڈیشنل میڈیسن کا بنیادی مقصد دنیا بھر کی جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے ساتھ روایتی ادویات کے فوائد کو مربوط کرنا ہے۔ یہ پہل ہندوستان کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے لیے سستی اور قابل اعتماد صحت خدمات تیار کرنے میں مدد کرے گی۔
جدید سائنس، اختراعات اور روایتی ادویات کو ایک ساتھ لانے سے صحت کے ایک پائیدار نظام کی تعمیر کی راہ ہموار ہوگی۔یہ مرکزشواہد اور تعلیم، ڈیٹا اور تجزیہ، پائیداری اور سرمایہ اور عالمی صحت میں روایتی ادویات کے تعاون کے لیے جدت اور ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرے گا۔ یہ روایتی ادویات کے طریقوں اور مصنوعات پر پالیسیوں اور معیارات کے لیے ٹھوس ثبوت کی بنیاد بنانے میں بھی مدد کرے گا۔
اس کے بعد اگلے دن مسٹر مودی 20 اپریل کو گجرات کے گاندھی نگر میں تین روزہ عالمی آیوش انویسٹمنٹ اینڈ انوویشن سمٹ (جی اے آئی آئی ایس) کا آغاز کریں گے۔ اس کانفرنس میں ممتاز صنعتکار، ماہرین تعلیم اور اسکالرز شرکت کریں گے۔ اس میں روایتی ادویات اور نظاموں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس کانفرنس کے تحت پانچ تفصیلی سیشن، آٹھ گول میز کانفرنس، چھ ورکشاپس، دو سیمینار ہوں گے۔ اس کے علاوہ کانفرنس میں 90 نامور مقررین اور 100 نمائش کنندگان ہوں گے۔ اس میں مختلف سفارت خانوں، صنعتوں اور اعلیٰ کمپنیوں کے نمائندے ہوں گے۔
کانفرنس کے مقاصد میں ہندوستان کو دنیا میں عالمی ادویہ مرکز کے طور پر تیار کرنے کے لیے سرمایہ کاری کو راغب کرنا شامل ہے۔(یو این آئی)