نئی دہلی ،19اپریل:
لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے کو انڈیا کے نئے آرمی چیف کے طور پر تعینات کر دیا گیا ہے اور وہ یکم مئی کو بطور آرمی چیف ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے انجینیئرنگ کور کے پہلے آفیسر ہیں جنہیں آرمی چیف بنایا گیا ہے۔وہ 30 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے جنرل منوج موکند نروانے کی جگہ لیں گے۔
وزارت دفاع کے حکام نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ’حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے کو فوج کے نئے سربراہ کے طور پر تعینات کیا ہے۔‘
نیشنل ڈیفینس اکیڈمی سے تعلیم یافتہ لیفٹیننٹ جنرل منوج پانڈے نے 1982 میں انجینیئرنگ کور میں کمیشن حاصل کیا۔
انہوں نے کشمیر کے پلن والا سیکٹر میں آپریشن پراکرم کی کمانڈ کی۔آپریشن پراکرم کا آغاز دسمبر 2001 میں پارلیمنٹ پر ہونے والے حملے کے بعد کیا گیا تھا اور انڈیا نے مغربی سرحد پر بڑی تعداد میں فوج کو تعینات کیا تھا۔