چٹان ویب ڈیسک
بھارت میں مبینہ اجتماعی زیادتی کی شکایت لے کر پولیس سٹیشن پہنچنے والی کم عمر دلت لڑکی کو ایس ایچ او نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ریاست اترپردیش میں پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ چھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ہے۔
مقامی پولیس کے ایس پی نکھیل پاٹھک کے مطابق ایک بچی اپنی والدہ کے ساتھ پولیس کے دفتر پہنچی اور 22 تاریخ کے واقعے کی تحریری شکایت درج کرائی۔کم عمر بچی کی شکایت کے مطابق چار افراد نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی، جب وہ شکایت لے کر تھانے پہنچیں تو وہاں بھی انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
ایس پی نکھیل پاٹھک نے تصدیق کی کہ واقعے کا مقدمہ چھ افراد کے خلاف درج کیا گیا اور ایک ملزم کو پکڑ لیا ہے جس سے تفتیش کی جا رہی ہے، باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔متعدد انڈین صحافیوں نے پولیس کی جانب سے درج کردہ مقدمے کی تفصیل سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی ہے۔
ان رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ زیادتی کا نشانہ بننے والے بچی کا تعلق ہندوؤں کی دلت ذات سے ہے۔