اندور، 7 مئی :
مدھیہ پردیش کے اندور ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع وجے نگر تھانہ علاقہ کے ایک تین منزلہ مکان میں آتشزدگی سے سات افراد کی موت ہو گئی۔
اندور زون-2 کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سمپت اپادھیائے نے بتایا کہ وجئے نگر تھانہ علاقہ کی سوارن باغ کالونی کے تین منزلہ مکان میں آگ لگنے کے واقعہ میں دم گھٹنے سے سات افراد کی موت ہو گئی ہے۔ مہلوکین میں دو خواتین اور پانچ مرد بتائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب گھر کے نیچے جہاں گاڑیاں کھڑی تھیں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور اس نے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔
ایس پی مسٹر اپادھیائے نے بتایا کہ اس واقعہ میں گھر کی اوپری منزل پر سوئے ہوئے سات افراد آگ لگنے کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے ہیں۔ وہیں کچھ اور لوگ بھی جھلس گئے ہیں، جنہیں اسپتال لے جایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد آگ بجھانے والی گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔ پولس معاملے میں کیس درج کرنے کے بعد جانچ کر رہی ہے۔(یو این آئی)