سری نگر،24 مئی :
این وائی سی ملازمین کی بھاری تعداد نے منگل کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنے مطالبات خاص کر نوکریوں کی مستقلی کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقعے پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت دل کی دوری اور دلی سے دوری دور کرنے کے دعوے کرتی ہے اور دوسری طرف ایسے حکمنامے جاری کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم گذشتہ بارہ برسوں سے مختلف محکموں میں کام کرتے ہیں اب جو حکمنامہ جاری کیا گیا وہ ہمارے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تب تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک ہماری نوکریوں کو مستقل نہیں کیا جائے گا۔
بتادیں کہ رہبر کھیل، رہبر زراعت اور این وائی سی ملازمین کی بر طرفی کے حوالے سے حکومت نے گذشتہ روز واضح کیا کہ ان سکیموں کے تحت کام کرنے والے ملازموں کو نوکریوں سے بر طرف کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
یہ ملازمین گذشتہ دو تین دنوں سے جموں میں بھی اور کشمیر میں بھی نوکریوں سے بر طرفی سے متعلق اس حکمنامے کے خلاف بر سر احتجاج تھے۔(یو این آئی)