نئی دہلی، 11 اگست:
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کے روز کہا کہ وزیراعظم مہنگائی جیسے سنگین مسئلے پرکانگریس کے سوال اٹھانے پر’کالا جادو’ جیسی توہم پرستانہ باتیں کر اپنے عہدے کے وقار کو گرا رہے ہیں۔
راہل نے کہا کہ مودی حکومت مہنگائی اور بے روزگاری کے مسئلہ پر سنجیدہ نہیں ہے۔ موجودہ حکومت کو نہ تو مہنگائی نظر آتی ہے اور نہ ہی بے روزگاری سے کوئی مطلب ہے۔
راہل گاندھی نے آج ٹوئٹ کر کے کہا کہ وزیر اعظم کو مہنگائی نظر نہیں آتی؟ بے روزگاری نظر نہیں آتی؟ اپنے کالے کارناموں کو چھپانے کے لیے ’کالا جادو‘ جیسی توہم پرستانہ باتیںکرکے وزیر اعظم کے عہدے کے وقار کو مجروح کرنا اور ملک کو بھٹکانا بند کیجئے۔ وزیراعظم کو عوام کے مسائل پر جواب تو دینا ہی پڑے گا۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے پارلیمنٹ اجلاس کے دوران مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرہ بھی کیا تھا۔ اس دوران کانگریس قائدین کالے کپڑے پہنے ہوئے نظر آئے تھے۔ اس پر وزیر اعظم مودی نے کل کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سوچتے ہیں کہ کالے کپڑے پہن کر، ان کی مایوسی کا دور ختم ہو جائے گا۔ لیکن ا نہیں علم نہیں کہ ہی جھاڑپھونک کرلیں، کتنا ہی کالا جادو کر لیں، عوام کا اعتماد اب ان پر دوبارہ کبھی قائم نہیں ہوسکے گا۔
