نئی دہلی: کریم بینزیما اور الیکسیا پوٹیلاس نے بالترتیب مردوں اور خواتین کے زمرے میں یوئیفا کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈزجیت لئے۔ اس طرح اس بار دونوں کیٹیگریز میں ہسپانوی کلبوں کا غلبہ رہا۔ بینزیما نے ریال میڈرڈ کے لیےچیمپیئنز لیگ میں 15 گول کیے اور 14 واں یورپی خطاب دلایا۔ 34 سالہ بینزیما نے اپنی ہی ٹیم کے ساتھی گول کیپر تھیبوٹ کورٹوائس اور مانچسٹر سٹی کے مڈفیلڈر کیون ڈی بروئن کو مات دی۔
بینزیما نے ٹیم کو لا لیگا اور سپرکوپا ڈی اسپین میں بھی کامیابی دلائی۔ انہوں نے فرانسیسی ٹیم کے ساتھ نیشنز لیگ جیتی۔ پیرس سینٹ جرمین اور چیلسی کے خلاف انہوں نےہیٹ ٹرک لگائیں۔ اس ایوارڈ کے ساتھ انہوں نے اکتوبر میں دیے جانے والے بیلن ڈی اور ایوارڈ کے لیے بھی اپنا دعویٰ مضبوط کر لیا ہے۔
ایلکسیا پوٹیلاس کو مسلسل دوسری بار بہترین خاتون قرار دیا گیا،جنہوں نے بارسلونا کو چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پہنچایا۔ انہیں یورپی چیمپئن شپ میں جولائی میںاسپین کی قیادت کرنی تھی لیکن ٹورنامنٹ سے قبل ان ے گھٹنے میں چوٹ لگ گئی ۔ پوٹیلاس نے انگلینڈ کی بیتھ میڈ اور جرمنی کی لینا اوبرڈورف کو شکست دی۔
اینجلوٹی اور سرینا بہترین کوچزکا ایوارڈ
ریال میڈرڈ کے کوچ کارلو اینجلوٹی کومردوں کی کیٹیگری میں بہترین کوچ قراردیا گیا ۔ انہیں مانچسٹر سٹی کے پیپ گوارڈیولا اور لیورپول کے جورگین کلوپ پر ترجیح دی گئی ۔ خواتین کی کیٹیگری میں انگلینڈ کی سرینا وگمین کو بہترین کوچ منتخب کیا گیا۔
