سری نگر،17اپریل:جنوبی ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں غیر مقامی شہری کی ہلاکت کے بعد جنوبی کشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی شام جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں جگہ جگہ پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔اطلاعات کے مطابق بجبہاڑہ میں ٹارگیٹ کلنگ کے بعد فوج ، پولیس ، سی آر پی ایف اور دیگرسیکورٹی ایجنسیاں متحرک ہو گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع شوپیاں، پلوامہ ، اننت ناگ اور کولگام میں رات کا گشت تیز کیا گیا ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے معاونین کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔معلو
م ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر کے حساس علاقوں میں جگہ جگہ فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جو گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ بجبہاڑہ میں غیر مقامی شہری کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن لانچ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ جائے وقوع کے اردگرد نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کوبھی کھنگالاجارہا ہے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت کرکے انہیں انجام تک پہنچایا جاسکے۔واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے سبھی اضلاع میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے تاہم بدھ کی شام ملی ٹینٹ حملے کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں کے کان کھڑے ہو گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر چناوی جلسوں کے دوران سیکورٹی ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔