سری نگر،17اپریل:
جنوبی ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں بدھ کی شام مشتبہ ملی ٹینٹوں نے غیر مقامی شہری پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق بدھ کی شام بجبہاڑہ میں اس وقت سنسنی اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب مشتبہ ملی ٹینٹوں نے غیر مقامی شہری پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ آس پاس لوگوں نے زخمی شخص کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔
متوفی کی شناخت راجو شاہ ولد شنکر ساکن بہار حال جبلی پورہ بلال کالونی بجبہاڑہ کے بطور ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔بتادیں کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر جموں وکشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی ملی ٹینٹوں نے ایک عام شہری کو نشانہ بنا یا۔