نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلٰی اروند کیجریوال کو فی الحال سپریم کورٹ سے عبوری ضمانت مل چکی ہے۔ آج قومی دارالحکومت کے کناٹ پلیس علاقے میں ہنومان مندر میں درشن کیے۔ کیجریوال کے ساتھ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور کیجریوال کی اہلیہ سنیتا بھی تھیں۔
دہلی کے وزیراعلیٰ، جنہوں نے 50 دن جیل میں گزارے، آج شام دہلی کے عام آدمی پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کرنے والے ہیں۔ کیجریوال نے جمعہ کو ہی اطلاع دی تھی کی وہ ہفتہ کی شام جنوبی دہلی میں ایک روڈ شو میں حصہ لیں گے۔
اروند کیجریوال جو کہ یکم جون تک عبوری ضمانت پر جیل سے باہر ہیں، سپریم کورٹ کے ججوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ملک کو ‘آمریت’ سے بچانے کے لیے 140 کروڑ بھارتیوں کا تعاون عام آدمی پارٹی کو ملے گا۔
"میں نے کہا تھا نہ کہ میں جلد واپس آؤں گا اور میں آیا۔ ’آج میں آپ لوگوں کے درمیان یہاں ہوں،” کیجریوال نے جمعہ کو جیل سے اپنی رہائش گاہ کے راستے میں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ کہا۔
"میں آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ اور ساتھ میں ملک بھر کے کروڑوں لوگوں کا بھی جنہوں نے میرے لیے دعائیں کیں۔ میں سپریم کورٹ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس کی وجہ سے میں یہاں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میری آپ سب سے صرف ایک درخواست ہے۔ ہمیں مل کر ملک کو آمریت سے بچانا چاہیے، میں بھی آمریت کے خلاف لڑ رہا ہوں لیکن ہمارے ساتھ ساتھ ملک کی 140 کروڑ عوام کو بھی آمریت کے خلاف لڑنا ہوگا۔
کیجریوال کا عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے کارکنوں اور لیڈروں کی جانب سے پرجوش استقبال کیا گیا۔ جیسے ہی دہلی کے وزیر اعلیٰ جیل سے باہر آئے، ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال، ان کی بیٹی ہرشیتا، وزیر آتشی اور عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سندیپ پاٹھک ان کا استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔
کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے ان کی ضمانت کو جمہوریت کی جیت قرار دیا۔ "ہنومان جی کی جئے۔ یہ جمہوریت کی جیت ہے۔ یہ لاکھوں لوگوں کی دعاؤں اور آشیرواد کا نتیجہ ہے۔ سب کا بہت بہت شکریہ، یہ بات” انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہی۔
