سری نگر (یو این آئی) جموں وکشمیر حکومت نے اپنی پرانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے یوم آزادی کی تقریبات میں سرکاری ملازمین کی شرکت کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
جموں و کشمیر حکومت کے مختلف محکموں بالخصوص جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ ہر ایک سرکاری ملازم کا فرض بنتا ہے کہ وہ یوم آزادی کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں۔
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ جس کا کام کاج خود اس یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا دیکھ رہے ہیں، نے سرکولر نمبر 16 جی اے ڈی آف 2024 مورخہ 2 اگست 2024 میں تمام سرکاری عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ 15 اگست کی تقریبات میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔
محکمے کے کمشنر سکریٹری سنجیو ورما کی جانب سے جاری اس سرکولر میں کہا گیا ہے: ‘یوم آزادی ایک اہم قومی دن ہے جو ہر سال 15 اگست کو منایا جاتا ہے۔ ہر سرکاری ملازم کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس موقع کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں’۔