جموں،19 اگست(یو این آئی)جموں وکشمیر کے ادھم پور ضلع کے رام نگر علاقے میں ملی ٹینٹوں نے پیرا ملٹری فورسز کی گشتی پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف آفیسر جاں بحق ہوا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی سہ پہر ادھم پور کے رام نگر علاقے میں ملی ٹینٹوں نے سی آر پی ایف کی گشتی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے انسپکٹر شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمی سی آر پی ایف آفیسر کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔
متوفی کی شناخت انسپکٹر کلدیپ سنگھ کے بطور کی گئی ہے۔
دریں اثنا فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے ادھم پور کے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر ملی ٹینٹوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈرون کیمروں کے ذریعے علاقے پر نگرانی کا عمل تیز کیا گیا ہے تاکہ مفرور ملی ٹینٹوں کو جلدازجلد ڈھونڈ نکال کر انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جاسکے۔
واضح رہے کہ جموں صوبے میں حالیہ تین ماہ کے دوران ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ گر چہ مرکزی وزارت داخلہ نے جموں خطے کے جنگلی علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز کی اضافی کمپنیوں کو تعینات کیا ہے تاہم اس کے باوجود بھی ملی ٹینٹ حملوں کو انجام دے رہے ہیں۔