سرینگر /وادی کشمیر میں جاری شدید سردی کی لہر کے چلتے رات کے درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ کے ساتھ ہی، محکمہ موسمیات نے اگلے 6 دنوں تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جس دوران سردیوں میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔ ادھر محکمہ نے لوگوں سے تاکید کی ہے کہ سردیوں سے بچنے کیلئے گرامی دینے والے آلات کا احتیاط سے استعمال کریں ۔
وادی کشمیر میں شدید سردیوں کی لہر کے بیچ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 18دسمبر تک موسمی صورتحال میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہ آنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں شبانہ سردیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے کہا کہ پیشنگوئی کے مطابق 18دسمبر تک کسی قسم کی بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خشک موسم کی پیش گوئی کے درمیان وادی میں درجہ حرارت مزید نیچے جائے گا۔انہوںنے مزید کہا کہ سردیوں میں اضافہ کے باعث سردیوںسے بچنے کیلئے لوگوں کو گرامی دینے کے آلات احتیاط سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی حادثہ نہ رونما ہو جبکہ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گرامی دینے کے آلات کو استعمال کرتے وقت کمرے میں مناسب وینٹی لیشن کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ان آلات کے زیادہ استعمال سے انسانی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔