عوامی فلاح و بہبود میرا ’’دھرم‘‘ اور ’’کرتاویہ‘‘ ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا
جموں/لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بہادر ،شجاع اور ہندوستان کے سب سے بڑے فوجی حکمت عملی کے ماہر جنرل زورآور سنگھ کو اُن کے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جنرل زورآور سنگھ میموریل ایجوکیشنل اینڈ چیئرٹیبل ٹرسٹ کی طرف سے گلشن گرائونڈ جموں میں منعقدہ ایک یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لداخ، بلتستان، تبت میں جنرل زورآور سنگھ کی فوجی مہمات پر اِظہار خیال کیا اور ڈوگرہ سلطنت کی توسیع میں اُن کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
اُنہوں نے کہا،’’عظیم لوگوں کی زندگی اور کام ہمیشہ دوسروں کو متاثر کرتے ہیں۔ جنرل زورآور سنگھ کی قیادت نے لاکھوں لوگوں کو ترقی کے منصفانہ راستے کے لئے متحد ہونے کی ترغیب دی۔ اُن کانظریۂ اور اَقدار ہمیں معاشرے کے ان طبقوں کے لئے کام کرنے کی رہنمائی کرتے ہیں جو پیچھے رہ گئے ہیں۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جنرل زورآور سنگھ جیسی عظیم شخصیات کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کا اِشتراک کیا۔ اُنہوں نے گزشتہ کچھ برسوںمیں جموں و کشمیر میں ہونے والی تبدیلیوں پر بھی بات کی۔
اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ مساوات اور سماجی اِنصاف حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ عوامی فلاح و بہبود میرا ’دھرم‘ اور ’کرتاویہ‘ ہے۔ اِس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ ترقی کے فوائد بغیر کسی امتیاز کے سماج کے تمام طبقوں تک پہنچیں۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی ترقی پسند اور شہریوں پر مبنی پالیسیوں نے حکمرانی کے نظام میں عام آدمی کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی رفتار میں کئی گنا تیزی آئی ہے اور دہائیوں سے رُکے ہوئے سینکڑوں منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ اَب جمہوریت کے نظریات اور آئین میں درج اَقدارِ حکمرانی کے عمل کا لازمی حصہ بن چکے ہیں۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے جنرل زورآور سنگھ میموریل ایجوکیشنل اینڈ چیئر یٹیبل ٹرسٹ کے ممبران کی نوجوان نسل کو جنرل زورآور سنگھ کی متاثر کن داستان سے روشناس کرنے کی کوششوں کی ستائش کی۔
اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بے لوث معاشرے کی خدمت کریں اور قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ اَدا کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ہم مل کر ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو پورا کریں گے۔
یاد گاری تقریب میں رُکن قانون ساز اسمبلی کشتواڑ شگن پریہار، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، چیئرمین جنرل زورآور سنگھ میموریل ٹرسٹ دیویندر سنگھ کلوریا اور ٹرسٹیز ریا کلوریا اور دکشا کلوریا،فوج ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران؛ ممتاز شہری اور طلبأ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔