چٹان دیب مانیٹرینگ
برطانیہ میں ایک مشتبہ شخص کو بنگلہ دیشی خاتون یاسمین بیگم کے قتل کے شبہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دو بچوں کی ماں کو گھر کے اندر اس وقت قتل کیا گیا جب وہ اکیلی تھی اور اس کے بچے سکول گئے ہوئے تھے۔عرب نیوز کے مطابق لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اتوار کو مشرقی لندن کے علاقےسٹریٹ فورڈ سے40 سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔
قبل ازیں پولیس کو جمعرات کی سہ پہر مشرقی لندن کے بیتھنل گرین علاقے میں بچوں کو سکول سے واپس گھر چھوڑنے والے سٹاف کی جانب سے بلایا گیا جہاں یہ قتل کا سانحہ پیش آیا۔
سکول سٹاف نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو کال کردی تھی۔پولیس موقع واردات پر پہنچنی تو خاتون کو مردہ حالت میں پایا جس پر بے رحمی سے چاقو کے کئی وار کئے گئے تھے۔
خاتون شدید زخمی ہونے کے باعث جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ چکی تھی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تیز دھار آلے سے لگنے والے متعدد شدید قسم کے زخم یاسمین بیگم کی موت کی وجہ بتائی گئی ہے۔
تفتیشی سٹاف کے چیف انسپکٹر لارنس سمتھ کا کہنا ہے کہ ہمیں اس چیز کا احساس ہے کہ یاسمین بیگم کے خاندان کے افراد اور دوست احباب اس وقت شدید غم میں مبتلا ہیں اور مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔انسپکٹر نے کہا ہے کہ اس اندوہناک واقعہ کے بعد ہم یاسمین بیگم کے اہل خانہ کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ تفتیشی کارروائی پر 24 گھنٹے کام ہو رہا ہے اور ہم ان کے ساتھ ہیں جس کے وہ مستحق ہیں۔
تحقیقی ٹیم کے انسپکٹر کا کہنا ہے کہ خاتون کا قتل دل دہلا دینے والا سانحہ ہے۔ یہاں رہنے والی تمام خواتین چاہے وہ گھر پر ہوں یا عوامی مقام پر، دن ہو یا رات ہر جگہ اور ہر وقت محفوظ رہنا ان کا حق ہے۔ہم قتل کے حقیقی ذمہ دارکو تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے تشدد سے نمٹنا میٹروپولیٹن پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ فرانزک ماہرین کے ہمراہ پولیس افسران موقع واردات پرموجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم گھر گھر انکوائری جاری رکھیں گے اور مقامی لوگوں کی حفاظت کے لیے علاقے میں اضافی پولیس بھی تعینات کریں گے۔
اس قتل کے بارے میں کسی بھی گواہ یا معلومات دینے کے لیےعلاقے کے رہائشیوں سے رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔رابطہ کرنے میں کسی بھی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ معلومات کی کتنی اہمیت ہے، معمولی معلومات بھی کسی تفتیش کی کلید ہو سکتی ہے۔