چٹان ویب مانیٹرینگ
امریکی شہر نیویارک کے مصروف ترین مقام ٹائمز سکوائر میں پہلی مرتبہ نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا۔امریکی نیوز چینل سی بی ایس نیوز کے مطابق یکم رمضان کو سینکڑوں مسلمانوں نے ٹائمز سکوائر میں روزہ کھولا اور اس کے بعد نماز تراویح بھی ادا کی۔
نیویارک میں ٹائمز سکوائر ایک مصروف کمرشل مقام ہے جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بھی ہے۔نماز ترایح میں شرکت کرنے والوں نے اس کو تاریخی اجتماع قرار دیا۔
منتظمین نے روزہ داروں میں کھانا بھی تقسیم کیا۔ نماز تراویح سوشل میڈیا پر براہ راست نشر ہوئی۔
ایک منتظم ایس کیو نے کہا کہ ’ہم یہاں اس لیے موجود ہیں تاکہ ان تمام لوگوں کو اپنے مذہب کے بارے میں بتا سکیں جو اسلام کے بارے میں نہیں جانتے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’اسلام امن کا مذہب ہے۔‘
ایک اور شخص نے بتایا کہ ’اسلام کے بارے میں بہت سی غلط فہمیاں ہیں۔ تمام مذاہب اور ثقافتوں میں جنونی لوگ موجود ہیں تاہم وہ اکثریت کی نمائندگی نہیں کرتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ہمیں روزہ رکھنے، اچھے کام کرنے اور خیرات کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔