چٹان ویب مانیٹرینگ
ناروے کے وزیر دفاع ایک کم عمر لڑکی کے ساتھ خفیہ معاشقے کی معلومات منظرعام پر آنے کے بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیر دفاع اوڈ روجر ایناکسن کا اپنے سے خاصی کم عمر لڑکی کے ساتھ طویل عرصے سے معاشقہ چل رہا تھا۔
ناروے کے وزیراعظم جوناس گاہر سٹور نے پریس کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ ’انہوں وزیر دفاع کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے اور یہ ایک ضروری فیصلہ تھا۔‘اوڈ روجر ایناکسن نے اپنے رومانوی تعلق کے حوالے سے کہا کہ ’انہوں نے کئی بُرے فیصلے کیے اور وہ اپنے فعل پر معافی مانگتے ہیں جن کی وجہ سے دوسروں کی زندگی مشکل ہوئی۔‘
وزیر دفاع کا عشق ایک 18 سالہ ہائی سکول کی طالبہ کے ساتھ سال 2005 میں شروع ہوا تھا جب ایناکسن خود 50 برس کے تھے۔ناروے کے اخبار وی جی نے لکھا کہ طالبہ سکول ٹرپ پر ناروے کی پارلیمنٹ کے دورے پر آئی تھیں جب ان کی ملاقات سینٹر پارٹی کے رکن ایناکسن سے ہوئی۔
اخبار کے مطابق سکول ٹرپ کے بعد طالبہ اور ایناکسن کے درمیان انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ایک رومانوی تعلق قائم ہوا۔مذکورہ خاتون کی عمر اب تیس سال سے زائد ہے۔ انہوں نے اخبار کو اپنے تعلق کے بارے میں بتایا کہ ’وہ سیاست میں دلچسپی کے باعث ایناکسن سے بہت زیادہ متاثر ہوگئی تھیں اور سیاست دان نے اپنی طاقت کا فائدہ اٹھایا۔‘
دوسری جانب ایناکسن نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’رومانوی تعلق میں ان کی ایسی پوزیشن نہیں تھی کہ وہ خاتون پر اثر انداز ہوسکیں۔‘خاتون کے مطابق سال 2006 سے 2007 کے درمیان وہ ایناکسن سے 12 مرتبہ ان کے دفتر میں ملی تھیں جب وہ وزیر توانائی تھے۔ایناکسن کے مطابق جب تک وہ حکومت میں تھے تب تک ان کا تعلق جنسی نوعیت کا نہیں تھا تاہم خاتون نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ناروے کے وزیراعظم نے صحافیوں کو بتایا کہ ایناکسن نے عہدہ سنبھالنے سے پہلے اپنے رومانوی تعلق کے بارے میں آگاہ نہیں کیا تھا۔