مرتب : خالد بشیر تلگامی
مبصر:اسداللہ شریف میسور
نثری اصناف میں صنف افسانچہ نگاری ایک مشکل فن ہے. یہاں قطرہ میں دریا سمیٹنا ہوتا ہے. آج کے اس میکانکل دور میں کسی کو اتنی فرصت کہاں کہ وہ طویل افسانے اور ضخیم ناول پڑھے! وہ اپنی پیاس منی کہانیوں اور افسانچوں سے پوری کرلیتا ہے. یہی وجہ ہے کہ صنفِ افسانچہ قارئین میں بتدریج مقبولیت حاصل کر رہا ہے. اس فن کو فروغ دینے میں بہت سارے جیالے پیش پیش ہیں. ان میں ایک نمایاں نام خالد بشیر تلگامی کا ہے.
خالد بشیر تلگامی صاحب وادی کشمیر کے ایک ہونہار، منجھے ہوئے افسانچہ نگار ہیں. ان کے افسانچوں کا ایک مجموعہ ” دکھتی رگ” منظر عام پر آچکا ہے. ان کا دوسرا مجموعہ ‘گہری چوٹ’
بھی زیر طباعت ہے. افسانچہ نگاری کے لئے ان کے خدمات یہیں پر ختم نہیں ہوتیں. بلکہ انہوں نے افسانچوں کے فروغ کا بھی بیڑا اٹھایا ہوا ہے! انہوں نے ‘گلشن افسانچہ’ نامی عالمی سطح کا ایک واٹس اپ گروپ تشکیل دیا ہے. شاید یہ پہلا ایسا ادبی گروپ ہے جس میں زندگی کے ہر شعبہ کے لوگ موجود ہیں جو افسانچوں سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور بہتوں کا اس صنف میں خاطر خواہ یوگدان بھی رہا ہے. خالد صاحب اپنے وقت کا بیشتر حصہ اس گروپ، افسانچوں کے فروغ کے لئے مختص کر رکھا ہے. وہ ایک اور نامور قدآور افسانچہ نگار محترم رونق جمال صاحب کے ساتھ اس گروپ کو نہایت مستعدی سے چلاتے آئے ہیں.
خالد بشیر تلگامی صاحب کا ایک اور کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے اسی گروپ کے ارکان کے منتخب افسانچوں پر مشتمل ایک کتاب مرتب کی ہے اور اس کا نام بھی ‘گلشن افسانچہ’ رکھا ہے. رنگین سرورق، عمدہ طباعت کے ساتھ یہ کتاب بہت ہی دلکش اور جاذب نظر ہے. اس میں کُل 72 افسانچہ نگاروں کے 136 افسانچے ہیں. قارئین کی جانکاری کے لئے ہر افسانچہ نگار کا مختصر تعارف معہ اس کی تصویر کے پیش کیا گیا ہے. یہ تصاویر بلیک اینڈ وائٹ میں ہیں. ان کی پرنٹنگ میں اکثر کے چہروں کے نقوش واضح نہیں ہوسکے ہیں. اگر یہ تصاویر کلر میں ہوتیں تو کتاب کا حسن دوبالا ہوجاتا.
اس کتاب کا ہر افسانچہ اپنی جگہ منفرد اور زندگی کے کسی نہ کسی پہلو کو لئے ہوئے ہے. یہاں ہر طرح کے موضوعات برتے گئے ہیں….سماجی، معاشی، سیاسی، نفسیاتی، وغیرہ. ایک دو افسانچے جنسی بے راہ روی کی ہولناکیوں کو بھی اجاگر کر رہے ہیں. اس کتاب کے اکثر افسانچے قاری کے ذہن کو جھنجھوڑ دیتے ہیں اور وہ بہت دیر تک سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے.
بہرحال یہ کتاب ‘گلشن افسانچہ.. سلسلہ نمبر 1َ’ افسانچہ کے فروغ ،اسکی ترقی و ترویج میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جس کے لئے جناب خالد بشیر تلگامی صاحب مبارکباد کے مستحق ہیں.
200 صفحات پر محیط اس کتاب کی قیمت 300 روپیہ ہے. اس کتاب کو حاصل کرنے کے لئے خالد بشیر تلگامی صاحب سے رابطہ کیا جاسکتا ہے. ان کا فون نمبر حسب ذیل ہے : 9797711122/9906515442
