چٹان ویب ڈیسک
کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیاں ہٹنے کے بعد جہاں دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے، وہی دنیا بھر کے شائقین اپنی پسندیدہ فلمیں دیکھنے کے لیے بھی سینما گھروں کا رخ کرنے لگے ہیں۔ایسے میں انڈیا کی فلم انڈسٹری بھی پیچھے نہیں ہے اور بالی وڈ ستاروں کے مداح ان کو بڑے پردے پر دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔
ذیل میں رواں سال ریلیز ہونے والی ان پانچ بڑی فلموں کا ذکر ہے جن پر سب کی نگاہیں جمی ہوئی ہیں تاہم ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ان فلموں کی ریلیز میں متعدد وجوہات کی بنا پر تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔
1: ’اٹیک‘
دھماکے دار اور تیز رفتار ایکشن سے بھرپور یہ فلم یکم اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کی کہانی ہے انڈیا کے پہلے سپر سولجر کی، جس کا کردار جان ابراہیم نبھا رہے ہیں۔ ان کے ساتھ اداکارہ جیکولین فرنینڈز بھی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
2: ’جرسی‘
اداکار شاہد کپور کی یہ سپورٹس ڈرامہ فلم 14 اپریل کو ریلیز ہوگی۔ فلم میں شاہد کرکٹر کے کردار میں نظر آئیں گے جو صرف اپنے بیٹے کی خاطر اس کھیل میں واپس آتے ہیں۔
3: ’رن وے 34‘
اجے دیوگن اور امیتابھ بچن کی یہ سسپنس سے بھرپور فلم 29 اپریل کو بڑے پردے کی زینت بنے گی۔ ’رن وے 34‘ کہانی ہے ایک پائلٹ (جس کا کردار اجے دیوگن ادا کر رہے ہیں) کی وجہ سے ہونے والے حادثے کی جو اصولوں کی پابندی نہیں کرتا۔ امیتابھ بچن ایک تحقیقاتی افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اس افسوسناک حادثے کے اصل محرکات کی تلاش میں ہے۔
4: ’بھول بھلیاں 2‘
سنہ 2007 کی کامیاب ہارر کامیڈی ’بھول بھلیاں‘ کا سیکوئل ’بھول بھلیاں 2‘ کے نام سے 20 مئی کو ریلیز ہوگا۔ فلم میں مرکزی کردار اداکار کارتک آریان ادا کر رہے ہیں۔
5: ’پرتھوی راج‘
گذشتہ کئی سالوں سے بالی وڈ میں تاریخی موضوعات پر فلمیں بنانے کا سلسلہ جاری ہے، اور اب اس حوالے سے نئی آنے والی فلم ’پرتھوی راج‘ ہے جس میں اداکار ماضی کے ایک جنگجو بادشاہ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم تین جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔