نئی دہلی، 24 مارچ:
سپریم کورٹ نے ‘حجاب ‘ کے معاملے میں کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کے لیے جمعرات کو کوئی مقررہ تاریخ طے کرنے سے انکار کر دیا۔
چیف جسٹس این۔ وی رمنا کی سربراہی والی بنچ نے سینئر وکیل دیودت کامت کے ذریعہ جلد سماعت کے لئے کسی مقررہ تاریخ پردرج کرنے کی التجا کو مستردکردیا۔
مسٹر کامت نے کرناٹک میں 28 مارچ سے ہونے والے امتحانات (بشمول درخواست گزار) کا حوالہ دیتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی کچھ طالبات کی درخواست کی سماعت کے لیے فہرست بنانے کی درخواست کی تھی۔مسٹر کامت کی جانب سے ‘خصوصی ذکر ‘ کے دوران امتحان کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے معاملے کو سماعت کے لئے درج کرنے کی درخواست پر چیف جسٹس نے کہا، “اس کا امتحان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ ایک حساس معاملہ ہے۔”چیف جسٹس نے 16 مارچ کو فوری سماعت کی درخواست کے پیش نظر ہولی کے بعد اس معاملے پر غور کرنے کا اشارہ دیا تھا۔
سینئر وکیل سنجے ہیگڑے نے اس معاملے کو انتہائی ضروری قراردیتے ہوئے 16 مارچ کو خصوصی ذکر کے دوران فوری سماعت کی درخواست کی تھی۔اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پہننے پر پابندی کو جاری رکھنے کے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے چند گھنٹے بعد، اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ اس کے بعد کئی عرضیاں دائر کی گئیں۔درخواست گزاروں میں شامل نبا ناز نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو وکیل انس تنویر کے ذریعہ سپریم کورٹ سے رجوع کیاتھا۔یو این آئی