سری نگر 24مارچ:
جموں وکشمیر پولیس نے تخریبی سرگرمیوں کے لئے استعمال شدہ جائیداد وں کو ضبط کرنے کے حوالے سے باضابط طورپر کارروائی کا آغاز کیا ہے۔سری نگر پولیس نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ ’’حفاظتی اداروں نے ایسی غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کا باضابط طورپر آغاز کیا ہے جنہیں تخریبی سرگرمیوں، سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کے لئے استعمال میں لایا جارہا تھا‘‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جن رہائشی مکانات و اْن عمارتوں جہاں پر ملی ٹینٹوں کو پناہ لینے کی سہولیات فراہم کی گئی یا اْنہیں اس قسم کی سہولیات فراہم کی گئی ہو اْنہیں ضبط کرنے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
پولیس نے متنبہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایسے لوگوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو ملی ٹینٹ یا اْن کے معاونت کاروں کو کسی طرح کی اعانت کاری کرنے میں ملوث پائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی جائیداد کو بھی یو ایل پی اے ایکٹ کے تحت سیل کیا جائے گا۔یو این آئی