جموں،30مارچ :
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ’ مائی گو‘ جموں وکشمیر کے لئے ایک مضبوط شہری شمولیت پلیٹ فارم کا آغاز کیا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شہریوں اور حکومت کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے کا اِختراعی پلیٹ فارم شراکتی حکمرانی اور پالیسی سازی کو فروغ دے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ’ مائی گو‘ جموںوکشمیر اِنتظامیہ کو عام آدمی کے قریب لائے گی اور انہیں جموںوکشمیر یوٹی کی سماجی و اِقتصادی تبدیلی میں مختلف مسائل پر رائے ، خیالات اور تجاویز کا اشتراک کرنے کا موقعہ فراہم کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ عوام پر مبنی پالیسی سازی کے لئے شہریوں کی تجاویز ضروری ہیں اور ’مائی گو‘ پلیٹ فارم اِس بات کو یقینی بنائے گا کہ منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی میں تمام شراکت داروں کے خیالات کو شامل کیا جائے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے نئی پہل کو جموںوکشمیر کے شہریوں کے نام وقف کرتے ہوئے لوگوں کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہم شراکتی حکمرانی کے نئے معیارات مرتب کر رہے ہیں ، ٹیکنالوجی پر مبنی حل فراہم کررہے ہیں، سرکاری سکیموں اور پروگراموں کی مناسب وقت میں نگرانی کر رہے ہیں اور عوامی خدمات کو جموںوکشمیر کے لوگوں کے لئے آسانی سے قابل رَسائی بنار ہے ہیں۔
اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے متعلقین سے کہا کہ وہ زیادہ مؤثر انداز میں شہریوں تک پہنچیں اور اس بات کو یقینی بنانے پر پوری توجہ مرکوز کریں کہ لوگوں کے لئے جو سہولیات اور خدمات فراہم کی گئی ہیں ان کا بھرپور استعمال کیا جائے۔سی اِی او ’مائی گو‘ ابھیشک سنگھ نے ایل جی زیر قیادت جموںوکشمیر حکومت کو ’مائی گو ‘ پلیٹ فارم لانچ کرنے والا پہلا یوٹی بننے پر مبارک باد پیش کی جو لوگوں کو حکومت سے جوڑنے اور انہیں اَچھی حکمرانی میں اَپنا حصہ اَدا کرنے کے قابل بنانے کا ایک منفرد اِقدام ہے۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر نے یوٹی ڈیش بورڈ کا بھی آغاز کیا۔ ڈیش بورڈ فیصلہ سازی میں آسانی کے لئے مختلف سرکاری محکموں کے ترقیاتی کاموں اور فلیگ شپ سکیموں کی نگرانی کرے گا۔ یوٹی ڈیش بورڈ کلیدی پرفارمنس انڈیکٹیر ز ( کے پی آئیز) کی بنیاد پر مختلف محکموں سے متعلق مختلف سکیموں کی کارکردگی کے گرافیکل جائزہ کی سہولیت فراہم کرتا ہے۔
سیکرٹری اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ محترمہ پریرنا پوری نے ڈیجیٹل اِقدامات سے عام شہریوں کو بااختیار بنانے کے لئے محکمہ کی طرف سے اُٹھائے گئے اِقدامات پر روشنی ڈالی ۔
اُنہوں نے کہا کہ عوامی خدمات کی خاطر ایک متحد پورٹل تیار کرنے کے لئے تمام امکانات تلاش کئے جارہے ہیں۔
سی ای او جموں وکشمیر اِی۔ گورننس ایجنسی ( جے اے کے اِی جی اے) امیت شرما نے میٹنگ کو جے اے کے ای جی اے سے عام لوگوں تک شہری خدمات کی فراہمی میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔اِس موقعہ پر اِنتظامی سیکرٹریز ، سربراہان کے علاوہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔