سری نگر،04 اپریل:
جنوبی ضلع پلوامہ کے لاجورہ گاوں میں مشتبہ جنگجووں نے دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوئے اور اُنہیں ضلع ہسپتال پلوامہ منتقل کیا گیا۔
بتادیں کہ اتوار کی شام کو پلوامہ کے ہی لیتر علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں غیر مقامی ڈرائیور اور کنڈیکٹر شدید طورپر زخمی ہوئے تھے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز لاجورہ پلوامہ میں مشتبہ جنگجووں نے دو غیر مزدوروں پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوئے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں سے اُنہیں ضلع ہسپتال ریفر کیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت پتلیشور کمار ولد جوکو چودھری اور تھاگ چودھری ساکنان بہار کے بطور ہوئی ہے۔
ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ پتلیشور کمارکے بازو اور تھاگ چودھری کی ٹانگ اور بازو میں گولی پیوست ہوئی ہے اور اُن کی حالت قدرے بہتر ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کومحاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
واضح رہے کہ پیر کی شام کو لیتر پلوامہ میں مشتبہ جنگجووں نے پٹھان کورٹ پنجاب سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور اور کنڈیکٹر پر فائرنگ کی جس وجہ سے دونوں شدید طورپر زخمی ہوئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ محض 16گھنٹوں کے دوران ضلع پلوامہ میں مشتبہ جنگجووں نے چار غیر مقامی افراد پر فائرنگ کی جس وجہ سے ضلع بھر میں خوف ودہشت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ضلع پلوامہ میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ پر رکھا گیا ہے اور جنگجووں کے امکانی حملوں کو روکنے کی خاطر جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔