سری نگر،5 اپریل:
جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون کا کہنا ہے کہ کشمیر میں تشدد کا مقصد یہاں کی معیشت کو تباہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کافی عرصے کے بعد یہاں کے ہوٹلوں اور دیگر متعلقہ سیکٹروں میں کارو باری سرگرمیاں بحال ہونے لگی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات صاف ہے کہ اقتصادی طور خوشحال کشمیر تشدد پسند لوگوں کی حکمت عملی کے خلاف ہے۔
موصوف چیئرمین نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’کشمیر میں تشدد صرف احمقانہ اور وحشیانہ ہی نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد یہاں کی معیشت کو تباہ کرنا ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا: ’کشمیر کے ہوٹلوں اور دیگر منسلک سیکٹروں میں طویل عرصے کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہونا دکھائی دے رہی تھیں اور تشدد پسند ان سب سرگرمیوں کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں‘۔
مسٹر لون نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ’ایسا لگتا ہے کہ اس پورے کھیل کا مقصد ڈرانا اور بھگانا ہے، کسی کی آئیڈ یالوجی سے قطع نظر، ہمیں کم سے کم دوسرے طرف کی حکمت عملی اور آئیڈیالوجی کو سمجھنا چاہئے‘۔انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ اقتصادی طور خوشحال کشمیر تشدد پسند لوگوں کی حکمت عملی کے خلاف ہے۔ (یو این آئی)